کابل: ملٹری یونیورسٹی پر مسلح افراد کا دھاوا، 11 فوجی ہلاک، متعدد زخمی

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم ملٹری یونیورسٹی پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، حملے میں گیارہ فوجی جاں بحق اور سولہ زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں چار حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

افغان دارالحکومت کابل گزشتہ ایک ہفتے سے دہشت گرد حملوں کی زد میں ہے۔ ہوٹل اور پولیس چیک پوائنٹ کے بعد دہشت گردوں نے کابل کی مارشل فہیم ملٹری یونیورسٹی کو نشانہ بنایا۔

ترجمان پولیس چیف کے مطابق حملے میں گیارہ فوجی جاں بحق اور سولہ زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس سے پہلے ایک ہفتے کےدوران کابل میں ہوئے دو حملوں میں ایک سو پچیس افراد ہلاک اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں